وزیراعظم یوتھ پروگرام میں اہم تقرری، محمد رؤف فوکل پرسن نامزد
اسلام آباد( عمر حیات خان ): وزیراعظم آفس سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں چیئرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے محمد رؤف کو فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے۔یہاں سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق محمد رؤف کو سیاحت اور ہاسپیٹیلٹی کے شعبے میں روابط کو مستحکم بنانے کے لیے چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام کا فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے۔
یہ تقرری اعزازی بنیادوں پر عمل میں لائی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق محمد رؤف اپنی ذمہ داریوں کے تحت متعلقہ اداروں، اسٹیک ہولڈرز اور پارٹنرز کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کو فروغ دیں گے۔ اس کے علاوہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ان کی عملی شرکت کو بڑھانا بھی ان کی ذمہ داریوں میں شامل ہوگا۔واضح رہے کہ پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام حکومتِ پاکستان کا ایک اہم اقدام ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو روزگار، ہنر اور ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔











