پی ٹی اے اور ایم سی ایم سی کے مابین 5G انیبلمنٹ ماسٹرکلاس کامیابی سے مکمل
اسلام آباد(زاہد یعقوب خواجہ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) کی جانب سے اور ملائیشین کمیونیکیشنز اینڈ ملٹی میڈیا کمیشن (ایم سی ایم سی) کے تعاون سے چار روزہ ماسٹرکلاس “5G اینڈ بی یانڈ: شیپنگ دی فیوچر آف کنیکٹیویٹی” کامیابی سے مکمل ہو گئی ہے۔ یہ چار روزہ تقریب 17 سے 20 فروری 2025 تک اسلام آباد میں جاری رہی۔اس ماسٹرکلاس میں 60 سے زائد انڈسٹری لیڈرز، پالیسی سازوں اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی، جس میں 5G ڈپلائمنٹ اسٹریٹیجیز، اسپیکٹرم مینجمنٹ اور جدید ایپلیکیشنز کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ ایم سی ایم سی اکیڈمی کے ماہرین کی زیر قیادت، یہ ماسٹرکلاس تکنیکی سیشنز، پینل ڈسکشنز اور تبادلہ معلومات کے حوالے سے اہم سرگر میوں پر مشتمل رہی۔
پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمان نے 5G کی معاشی ترقی اور جدت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ“یہ ورکشاپ 5G کے آغاز کے لیے ہماری مشترکہ تیاریوں کا ایک تسلسل ہے۔” اختتامی تقریب میں چیئرمین پی ٹی اے نے ایم سی ایم سی کے وفد کو شیلڈز اور شرکاء میں اسناد تقسیم کی۔ بعد ازاں ایم سی ایم سی کی ٹیم نے پی ٹی اے ہیڈکوارٹر ز کا دورہ کیا، جہاں انہیں پی ٹی اے کے مختلف شعبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جبکہ بعد ازاں وفد نے این ٹی ایس او سی/ڈیٹا سینٹر کا دورہ بھی کیا ۔ پی ٹی اے نے ایم سی ایم سی کے ایگزیکٹو چیئرمین اور ان کی ٹیم کا 5G کے حوالے سے استعداد کار میں معاونت پر شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ یہ اشتراک دونوں ممالک کے مابین ڈیجیٹل ترقی کے مشترکہ عزم کو مزید مستحکم کرتا ہے جس سے 5G کے آغاز کے حوالے سے بھی مکمل معاونت میسر ہو گی۔ یہ ماسٹرکلاس 3 اکتوبر 2024 کو پاکستان اور ملائیشیا کے وزرائے اعظم کی موجودگی میں پی ٹی اے اور ایم سی ایم سی کے مابین دستخط شدہ لیٹر آف کوآپریشن (LoC) کے تسلسل کا بھی ایک اہم حصہ تھا۔












