آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ کل سے برسبین میں شروع ہوگا
اسلام آباد(سید جاوید حسن شاہ)آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان 5ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ ہفتہ سے دی گابا،برسبین میں شروع ہوگا۔دونوں ٹموں کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں کی بارڈرگواسکر ٹرافی سیریز 1ـ1 سے برابر ہے۔ بھارت کی ٹیم نے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم کو 295 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0ـ1 کی برتری قائم کی تھی ، تاہم دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان آسٹریلوی ٹیم نے جاندار کم بیک کرتے ہوئے نہ صرف مہمان بھارتی ٹیم کو با آسانی 10 وکٹوں سے شکست دی بلکہ پانچ میچوں کی سیریز بھی 1ـ1 سے برابر کر دی۔ پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد پرائم منسٹر الیون اور بھارتی ٹیم کے درمیان کھیلا گیا دو روزہ وارم اپ میچ جو آسٹریلوی دارالحکومت کینبرا میں کھیلا گیا تھا وہ بھی بھارتی ٹیم نے 6 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔بھارت کی مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم اپنے دورہ آسٹریلیا کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف پانچ بین الاقوامی ٹیسٹ میچوں کی بارڈر۔ گواسکر ٹرافی سیریز کھیلنا ہے جس کے دو میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ دوسرے ٹیسٹ میچ سے بھارتی ٹیم کی قیادت مایہ ناز بلے باز روہت شرما کررہے۔ وہ پہلے ٹیسٹ میچ میں بچے کی پیدائش کے باعث ٹیم کو دستیاب نہیں تھے۔پہلے ٹیسٹ میچ میں ان کی غیر موجودگی میں مایہ ناز فاسٹ بائولر جسپریت بمراہ نے ٹیم کو لیڈ کیا تھا جبکہ میزبان آسٹریلوی ٹیم کو مایہ ناز آل رائونڈر پیٹ کمنز لیڈ کریں گے۔ آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان 5ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسراکل سے 18 دسمبر تک دی گابا ،برسبین میں کھیلا جائے گا۔چوتھا 26 سے 30 دسمبر تک میلبورن کرکٹ گرائونڈجبکہ پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جنوری 2025 سڈنی کرکٹ گرائونڈمیں کھیلا جائے گا.












