پاکستان سے سیریز، کینگروز نے اہم ’ہدف‘ کا تعین کرلیا
کراچی / سڈنی: پاکستان سے ٹیسٹ سیریز میں کینگروز نے اہم ’ہدف‘ کا تعین کرلیا جب کہ بابراعظم کو بڑی اننگز کھیلنے سے روکنے کی منصوبہ بندی شروع کردی۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا جمعرات سے پرتھ میں آغاز ہورہا ہے، جس کیلیے کینگروز نے ایک اہم ہدف کی نشاندہی بھی کرلی ہے، سابق کپتان بابراعظم میزبان سائیڈ کے اعصاب پر سوار ہوچکے اور ان کو ہی جلد قابو کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی جارہی ہے۔آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے بابر کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی بیٹر میں بہت زیادہ کمزوریاں نہیں ہیں، ان کی تکنیک انتہائی مضبوط اور گرائونڈ میں چاروں طرف رنز اسکور کرسکتے ہیں، وہ بڑی اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھیت ہیں، وہ اس وقت دنیا کے بہترین بیٹرز میں سے ایک ہے، اس لیے ان کو جلد آئوٹ کرنا کافی اطمینان بخش ہوگا۔
فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کا کہنا تھا کہ بابر ایک سپر کلاس پلیئر اور کافی عرصے سے عمدہ پرفارم کررہے ہیں، شروع میں وہ ایک ون ڈے بیٹر کے طور پر سامنے آئے مگر بعد میں انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ کیلیے بھی اپنے گیم کو کافی مضبوط کیا، اگر آپ نے ان کو کوئی موقع دیا تو وہ بولرز کو دبائو میں لاسکتے ہیں۔












