ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں پائیدار ترقی کیلئے قرض کی منظوری دے دی
اسلام آباد(غلام مرتضی)ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں پائیدار ترقی کیلئے 65 کروڑ 90 لاکھ ڈالر دینے کی منظوری دے دی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے 3منصوبوں کی رواں ہفتے منظوری دی، 65کروڑ 90 لاکھ ڈالر میں 65 کروڑ 52 لاکھ ڈالر قرض جبکہ 38لاکھ ڈالر کی رقم گرانٹ ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ قرض کی رقم اندرونی وسائل سے فائدہ حاصل کرنے کیلئے خرچ کی جائے گی،امداد ٹیکس وصولی بڑھانے اور 2022 کے سیلاب میں تباہ شدہ ا سکولوں کی بحالی پر خرچ کی جائے گی۔سندھ میں اسکولوں کی بحالی کے لیے ساڑھے 27 کروڑ پچاس لاکھ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔
اعلامیہ کے مطابق رقم غذائی تحفظ کے منصوبے پر زرعی پیداوار بڑھانے پر خرچ ہوگی،30کروڑ ڈالر قرض اصلاحات اور ٹیکس انتظامی معاملات کیلئے منظور کیے گئے ہیں۔امداد ایشیائی ترقیاتی بینک کے سندھ میں سیلاب سے بحالی کے لیے 1.5 ارب ڈالر پروگرام کا حصہ ہے۔
سندھ میں سیلاب متاثرہ اسکولوں کی بحالی کے منصوبے کے لیے 8 لاکھ ڈالر گرانٹ دی جائے گی۔ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا میں غذائی تحفظ کے منصوبے کے لیے 8 کروڑ ڈالر امداد دی جائے گی، خواتین کسانوں کو بیچوں کی صفائی اور زرعی کیمیکلز کے محفوظ استعمال کے لیے 30 لاکھ ڈالر امداد دی جائے گی۔












