ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے گالم گلوچ نہیں، بات چیت کرنی ہوگی، بلاول
اسلام آباد: چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے گالم گلوچ نہیں، بات چیت کرنی ہوگی۔ خواہ مفاہمت ہو یا چارٹر آف اکانومی ہمیں بات کرنی چاہیے۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا انگریزی کہاوت ہے کہ تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ہے۔ میں اپنے خاندان کا تیسری نسل کا نمائندہ ہوں جو اس ایوان میں منتخب ہوا ہوں ۔ اس بلڈنگ میں داخل ہوں تو فاؤنڈیشن اسٹون پر شہید ذوالفقار بھٹو کا نام کندہ دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ مدر آف انسٹی ٹیوشن ہے۔ اس جمہوری ادارے کو طاقت ور بنا کر ہم اپنے آپ کو اور پاکستان کے عوام کو مضبوط بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس ادارے کو کمزور کر کے ہم نہ صرف آپنے آپ کو بلکہ جمہوریت کو کمزور کریں گے۔ وہ ہمارے بزرگ جو چھ چھ دفعہ اس ایوان میں آ چکے ہیں، وہ اچھی روایتیں پیدا کریں ۔ ایسی روایات کہ آئندہ آنے والی نسلیں ہمیں اچھے الفاظ میں یاد کریں۔ جب اگلے ممبرز آئیں تو وہ ہمیں دعائیں دیں، نہ کہ گالیاں۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اس وقت ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔ ہم اس وقت ہم ایک خطرناک مرحلے میں پہنچ چکے ہیں۔ملک اس وقت معاشی مشکلات کا شکار ہے۔ اس الیکشن میں عوام نے ووٹ اس لیے ڈالا کہ اس ملک کو معاشی بحران سے نکالا جائے۔ وزیر اعظم صاحب نے اپنی تقریر میں اپنے منصوبوں پر بات کی۔











